
پاکستان کی نئی سفارتی مہم: بلاول بھٹو کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفود عالمی دارالحکومتوں کا دورہ کریں گے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور خطے میں درپیش خطرناک صورت حال کے پیشِ نظر پاکستان نے ایک نئی اور بھرپور سفارتی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مہم کے تحت سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفود اگلے ہفتے عالمی دارالحکومتوں کا دورہ کریں گے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق، وفد کے ارکان کو وزیراعظم کے خصوصی نمائندے کی حیثیت حاصل ہوگی، اور ان کا چناؤ غیر معمولی احتیاط سے کیا گیا ہے۔ وفد میں چار سابق وزرائے خارجہ اور دو سابق خارجہ سیکریٹری شامل ہیں، جو دنیا کے مختلف اہم ممالک میں ایک ہی وقت میں سرگرم ہوں گے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ عالمی رہنماؤں کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کے ارکان کو سفارتی مشن کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اور ان کی تیاری کو قومی اہمیت دی جا رہی ہے۔ وفد کا ایک حصہ اقوام متحدہ میں بھی جائے گا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جا سکے۔
اس مہم کے دوران بھارت کی سفارتی صفوں میں پھوٹ پڑنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق، بھارتی سفارتی وفود میں روانگی سے قبل ہی تنازعات اور باہمی چپقلش شروع ہو گئی ہے، جب کہ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے اس پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں مزید ایک یا زیادہ وفود بھی روانہ کیے جا سکتے ہیں تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی مؤثر سفارتی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں سابق نگراں وزیراعظم سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی خدمات حاصل کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی سفارتی حکام پر امید ہیں کہ یہ مہم عالمی برادری کو نہ صرف بھارت کی جارحانہ پالیسیوں سے آگاہ کرے گی بلکہ عالمی امن کو لاحق خطرات کی نشان دہی بھی مؤثر انداز میں کرے گی۔