
برطانیہ کا شمالی بحرِ اوقیانوس میں کیریئر اسٹرائیک گروپ تعینات کرنے کا اعلان
میونخ، یورپ ٹوڈے: کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ رواں برس شمالی بحرِ اوقیانوس اور ہائی نارتھ کے علاقے میں اپنا کیریئر اسٹرائیک گروپ تعینات کرے گا۔ انہوں نے یہ بات جرمنی میں منعقدہمیونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اس تعیناتی کی قیادت برطانوی طیارہ بردار بحری جہاز ایچ ایم ایس پرنس آف ویلزکرے گا، جو رائل نیوی کے جدید ترین جنگی جہازوں میں شمار ہوتا ہے۔
کیئر اسٹارمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپ کو اپنی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ ایک “سویا ہوا دیو” ہے جس کے پاس وسیع دفاعی صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم اکثر اوقات یہ صلاحیتیں مکمل طور پر یکجا ہو کر مؤثر انداز میں سامنے نہیں آتیں۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ عالمی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر یورپی ممالک کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ خطے میں استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔