آئی ایم ایف کا پاکستان پر اصلاحات کے مستقل نفاذ پر زور
واشنگٹن، یورپ ٹوڈے: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر اصلاحات کے مستقل اور مؤثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر پاکستان کے سیکرٹری خزانہ امداد اللّٰہ بوسال اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد پر مشتمل وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کینجی اوکامورا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستانی وفد نے ٹیکس بنیادوں میں وسعت، صوبائی زرعی آمدنی ٹیکس کی وفاقی ٹیکس کے ساتھ ہم آہنگی، سبسڈیز میں توازن، حکومتی حجم میں کمی، اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے مالیاتی وسائل بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق گفتگو کے دوران پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے اور آئی ایم ایف کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ کے ذریعے ماحولیاتی استحکام اور مالیاتی و بیرونی شعبے کی پالیسیوں میں تسلسل کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ، پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازعور سے بھی ملاقات کی اور حال ہی میں منظور ہونے والے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے فنڈ پروگرام کے کامیاب آغاز پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔