انڈونیشیا

انڈونیشیا میں کوآپریٹو امور کے لیے کال سینٹر کا افتتاح، عوامی شکایات کے فوری ازالے کی سہولت فراہم

جکارتہ،یورپ ٹوڈے: انڈونیشیا کے وزیرِ کوآپریٹوزفیری جولیانتونو نے بدھ کے روز ایک نئے کال سینٹر کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد شہریوں اور کوآپریٹو اراکین کو شکایات درج کرانے اور سوالات جمع کرانے کی سہولت فراہم کرنا ہے، جن میں ریڈ اینڈ وائٹ ولیج کوآپریٹوز پروگرام سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ کال سینٹر عوام کو خدمات کی فراہمی، سوالات کے جوابات دینے اور کوآپریٹو شعبے بالخصوص دیہی کوآپریٹو پروگرام سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے وزارت کی ذمہ داری کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والی شکایات اور سوالات پر فوری کارروائی اور پیروی کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

فَیری جولیانتونو کے مطابق یہ اقدام ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس سے قبل بالخصوص بچت و قرضہ کوآپریٹوز کے اراکین معلومات کے حصول کے لیے خطوط یا واٹس ایپ پیغامات پر انحصار کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر شکایات انتظامی و عملی مسائل، دیہی کوآپریٹوز کے لیے اراضی کے حصول و انتظام، اور تکنیکی یا ضابطہ جاتی رکاوٹوں سے متعلق ہوتی ہیں۔

وزیر نے واضح کیا کہ یہ نئی سروس دیہی کوآپریٹوز کے لیے پہلے سے تیار کردہ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ساتھ منسلک ہوگی، جس سے باہمی رابطہ مضبوط ہوگا اور مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔

کوآپریٹو نگرانی کے نائب سربراہ ہربرٹ سیاگیان نے کہا کہ کال سینٹر کا قیام گزشتہ دسمبر ایک آزاد ادارے کے سروے کی سفارشات کی روشنی میں عمل میں لایا گیا، جس میں دیہی کوآپریٹوز کے لیے مخصوص رابطہ چینل کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہاٹ لائن میں انٹرایکٹو وائس ریسپانس (IVR) ٹیکنالوجی اور چیٹ بوٹ کی سہولت شامل ہوگی، جو کوآپریٹوز سے متعلق اہم معلومات کو ڈیٹا بینک میں محفوظ کرے گی اور عوام کو فوری رہنمائی فراہم کرے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریڈ اینڈ وائٹ ولیج کوآپریٹوز صدر پربوو سوبیانتوکی ہدایت پر شروع کیا گیا ایک قومی اسٹریٹجک اقدام ہے، لہٰذا اس پروگرام سے متعلق سوالات اور شکایات پر فوری ردِعمل یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔

کال سینٹر ہر کام کے دن صبح 7:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک (جکارتہ وقت کے مطابق) فعال رہے گا۔

شہباز شریف Previous post وزیراعظم شہباز شریف کا ویانا میں خطاب، بھارت پر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی کا الزام
شہباز شریف Next post کوئٹہ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی، وزیراعظم شہباز شریف کا سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین