
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ہوگا
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی کمیٹی کا اہم اجلاس کل پشاور میں منعقد ہوگا۔
پشاور میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چاند کی رویت سے متعلق موصول ہونے والی شہادتوں اور فلکیاتی معلومات کا جائزہ لینے کے بعد باقاعدہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا، جس کے فوراً بعد رمضان المبارک کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت منعقد ہوں گے، جن میں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور اسلام آباد شامل ہیں۔ ان اجلاسوں میں موصول ہونے والی شہادتوں کو مرکزی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کریں اور معتبر شہادت کی صورت میں متعلقہ کمیٹی کو بروقت اطلاع دیں، تاکہ ملک بھر میں ایک متفقہ اور مستند اعلان کیا جا سکے۔