چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پاکستان سےمنتقلی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس نے تصدیق کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پاکستان سےمنتقلی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
جیف ایلارڈائس نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا، اور تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کے دورے کرتے ہیں۔
آئی سی سی کا پانچ سے چھ رکنی وفد آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے اور مجوزہ وینیوز کا معائنہ کیا جا سکے۔ وفد ٹیموں کے پریکٹس میچز، ٹکٹنگ اور دوسرے اہم امور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام سے ملاقاتیں کرے گا، جن میں مختلف شعبوں کے سربراہان اور نمائندے شامل ہوں گے۔
پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے، اور 2017 میں گرین شرٹس نے ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔