دہشت گردی

کردار، جرأت اور قابلیت لازوال عسکری اوصاف ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی جوان مثال قائم کر رہے ہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

کھاریاں،یورپ ٹوڈے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کردار، جرأت اور قابلیت کو لازوال عسکری اوصاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی جوان ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ 9ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو کھاریاں میں منعقد ہوئی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل گشت پر مبنی ایک جامع عسکری مشق ہے، جس کا بنیادی مقصد پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں میں مؤثر اضافہ کرنا ہے۔ مشق کے دوران شریک ٹیموں کے درمیان جدید عسکری خیالات اور حربی تجربات کا تبادلہ ہوا، جبکہ بہترین عسکری طریقۂ کار کے ذریعے باہمی سیکھنے کے بھرپور مواقع بھی فراہم کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق 5 فروری 2026ء سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جہاں قدرتی جغرافیائی حالات نے حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ عملی ماحول مہیا کیا۔ اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل نے تمام شریک ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، عملی صلاحیت، جنگی مہارت اور بلند حوصلے کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کثیر القومی عسکری مشقوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں مشترکہ تیاری کو مضبوط بناتی ہیں اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے ناگزیر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور افراد کو انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب میں بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشی بھی شریک تھے، جنہوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور بہترین انتظامات کو سراہا۔

مزید برآں، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف تربیتی سرگرمیوں کا عملی مشاہدہ کیا اور نئے قائم شدہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا معائنہ کیا۔ فیلڈ مارشل نے جوانوں اور تکنیکی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے روایتی تربیتی طریقوں کے ساتھ ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈیفنس Previous post ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاک فضائیہ کے جے ایف-17 بلاک تھری اور سپر مشاق کی شرکت
انڈونیشیا Next post انڈونیشیا میں بلیو کاربن گورننس مضبوط بنانے کا عزم، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات