
جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، پاک فضائیہ سے تعاون بڑھانے پر زور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبیمبو نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فضائی افواج کے سربراہان نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ اقدار اور طویل المدتی دوستی کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے پاک فضائیہ کی جدید عسکری صلاحیتوں اور خود انحصاری پر مبنی ترقیاتی وژن پر روشنی ڈالی۔
ائیر چیف نے خصوصی تربیتی پروگرامز، تکنیکی مہارت اور صلاحیت میں اضافے کے اقدامات کے ذریعے جنوبی افریقی فضائیہ کی معاونت کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبیمبو نے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین آپریشنل تیاریوں، جدید عسکری صلاحیتوں اور ایک بااعتماد ڈیٹرنس فورس کے طور پر اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اور ہوابازی سے متعلقہ شعبوں خصوصاً آپریشنل، مینٹینینس اور تربیت میں باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
معزز مہمان نے جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے تربیتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اکیڈمی سطح پر ایک جدید اور جامع تربیتی فریم ورک کی تیاری میں پاک فضائیہ سے معاونت طلب کی، اور عالمی معیار کے فضائی جنگجوؤں کی تربیت کے لیے پاک فضائیہ کی مہارت سے استفادہ کرنے کی شدید دلچسپی ظاہر کی۔ مزید برآں، انہوں نے پاک فضائیہ کی اہم آپریشنل مشقوں میں جنوبی افریقی افسران کی بطور مبصر شرکت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبیمبو نے پاک فضائیہ کے انجینئرنگ انفراسٹرکچر اور کم لاگت مینٹینینس صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے سی-130 بیڑے کی مینٹینینس اور معائنے کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کی خواہش ظاہر کی۔
دورے کے دوران، معزز مہمان کو نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں جدید عسکری ٹیکنالوجیز اور آپریشنل صلاحیتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ کا یہ دورہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دفاعی تعاون، باہمی اعتماد، اور مشترکہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔