
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دہشتگردی کے منظم غیر قانونی اسپیکٹرم پر اظہار خیال
بہاولپور، یورپ ٹوڈے: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے، جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بہاولپور میں طلبہ سے خطاب کے دوران کہی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جب بھی ریاست اس غیر قانونی اسپیکٹرم کے خلاف کارروائی کرتی ہے، تو بعض عناصر کے جھوٹے بیانیے منظرعام پر آ جاتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی اور قوم بالخصوص نوجوان نسل افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، کوئی بھی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں پاکستان کو اللّٰہ تعالیٰ کا ایک انمول تحفہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنے عقیدے، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
آرمی چیف نے ملکی ترقی کے لیے ہر فرد کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کے بجائے اپنی کارکردگی اور فرائض پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے تاکہ پاکستان کو مزید استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔