
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جنوبی پنجاب میں زرعی منصوبوں کا افتتاح
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ جنوبی پنجاب کے علاقوں کنڈائی اور شاہپور میں گرین مال اینڈ سروس کمپنی کے اسمارٹ ایگری فارم، زرعی تحقیق اور سہولت مرکز کا افتتاح کر دیا۔
اس تقریب میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیرِ زراعت لائیو اسٹاک عاشق حسین کرمانی، وزیرِ آبپاشی محمد کاظم پیرزادہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں جدید زراعت کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گرین ایگری مال اینڈ سروسز کمپنی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات فراہم کرے گی جبکہ زرعی مشینری، بشمول ڈرونز، رعایتی نرخوں پر کسانوں کو دستیاب ہو گی۔
مزید برآں، 5 ہزار ایکڑ پر مشتمل جدید زرعی فارم کا بھی آغاز کیا گیا ہے، جہاں کم پانی کے استعمال سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے جدید طریقے اپنائے جائیں گے۔ زرعی تحقیق اور سہولت مرکز میں زراعت سے متعلق تمام جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے چولستان اور پنجاب میں جدید زراعت کے انقلاب کو کسانوں کی ترقی کا نیا سفر قرار دیا اور کہا کہ زراعت اور کسانوں کی خوشحالی ہی پاکستان کی خوش حالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے شہداء کے بچوں اور زخمی ہونے والے غازیوں کو زمین کی الاٹمنٹ کے خطوط بھی دیے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں پنجاب اور اس کے کسانوں کے قائدانہ کردار کو سراہا اور گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت مختصر وقت میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ترقی کی نوید قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔