کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی ایئر چیف سے ملاقات

کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی ایئر چیف سے ملاقات

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں سربراہان کے درمیان باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت ہوئی جس کا مقصد دونوں افواج کے مابین تعاون کو مستحکم کرنا تھا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے جدت طرازی کے تحت اتحادی ممالک سے جدید اسلحے کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور تربیتی شعبے میں جدید عسکری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کی گئی پاک فضائیہ کے بنیادی ڈھانچے میں کی گئی تبدیلیوں کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی تعلقات کا ذکر کیا ، جو بے مثال برادرانہ ہم آہنگی کا مظہر ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات اور تربیتی شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کے لیے پرُ عزم ہے۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ”پاکستان بحرین کے ساتھ مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن و سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم اُمور پر اتفاق رائے پر مبنی ہیں۔”

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خود انحصاری کے ذریعے حاصل کردہ ترقی کی تعریف کی۔ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین تعاون کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی تاکہ بحرین ایئر فورس کی آپریشنل تیاری کو مشترکہ تربیت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنایا جا سکے۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے اسپیس، سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر آپریشنز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بنیادی سطح سے تکنیکی سطح تک تربیتی سیٹ اپ قائم کرنے میں پاک فضائیہ سے معاونت کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سے جدید جنگی سامان کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی جس سے بحرین کے دفاعی ڈھانچے کی جدید کاری اور ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے گا۔ دونوں معزز شخصیات نے تربیت، جدید ٹیکنالوجیز اور ہوابازی کی صنعت میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں اشتراک کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں، بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے نیشنل آئی ایس آر و انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا جہاں اُنہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

سربراہ پاک فضائیہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کے درمیان ملاقات دونوں ممالک کے مابین مضبوط دفاعی شراکت داری اور مستحکم تعلقات کے فروغ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کرغستان کے سفیر کا اکادمی ادبیات پاکستان کا دورہ، پاک-کرغیز ادبی و ثقافتی تعاون پر اتفاق Previous post کرغستان کے سفیر کا اکادمی ادبیات پاکستان کا دورہ، پاک-کرغیز ادبی و ثقافتی تعاون پر اتفاق
وزیرِاعظم کا دہشت گردی کے خلاف سخت مؤقف، بلوچستان میں سیکیورٹی اجلاس کی صدارت Next post وزیرِاعظم شہباز شریف کا دہشت گردی کے خلاف سخت مؤقف، بلوچستان میں سیکیورٹی اجلاس کی صدارت