سی پیک کی ترقی میں دہشت گردی کا کوئی اثر نہیں پڑے گا، چینی منصوبوں پر 12 ہزار فوجی تعینات کیے ہیں، احسن اقبال
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سی پیک کی شاندار پیش رفت کو نقصان نہیں پہنچا سکیں گے، چینی منصوبوں پر 12 ہزار مستقل فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں۔
بیجنگ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان نہ صرف چین کی مدد حاصل کرے گا بلکہ ٹیکنالوجی سمیت جدید تحقیق سے بھی فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر ایک مضبوط اور غیر مشروط تعلق قائم ہے، جو دونوں ممالک کی ترقی کے لیے اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جدید اور اعلیٰ معیار کی ٹیکنالوجیز پاکستان کے زراعت کے شعبے میں خصوصی طور پر فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اپنی برآمدات بڑھانے اور صنعت میں پیداواری صلاحیت و مسابقت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بے شمار تعاون کے امکانات موجود ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔