دھماکے

اسلام آباد: شادی کے گھر میں سلنڈر دھماکے، دلہا دلہن سمیت 8 ہلاک اور 7 زخمی

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو، آبپارہ میں جمعہ کی رات ایک شادی کے گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا رات دو بجے بارات کے گھر پہنچنے کے بعد ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت گر گئی اور ملبے تلے دب کر ابتدائی طور پر دلہا، دلہن اور دیگر 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مزید 2 زخمی اپنی شدید چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا 66 کوارٹرز، گلی نمبر 23 میں ہوا، جس کے اثرات سے چار مکانات متاثر ہوئے جبکہ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق پڑوسیوں کے تین مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

ضلعی حکام نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین ممکن ہوگا۔

واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ امدادی ٹیموں کے کام میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔

کاسابلانکا Previous post کاسابلانکا بندرگاہ میں نیا کروز ٹرمینل 94,000 مسافروں کی میزبانی، بین الاقوامی سیاحت کو فروغ
ایران Next post ایران اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام پر زور