
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اٹلی کے ساتھ ڈیری تعاون میں اہم پیش رفت
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر اٹلی کے ساتھ ڈیری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس شراکت داری کے تحت پنجاب میں جدید ڈیری فارمنگ، دودھ اور پنیر کی پیداوار، ترسیل کے عالمی معیار کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو اٹلی کے کامیاب ماڈل پر مبنی ہوگا۔
اٹلی کے ڈیری کے شعبے کے سرمایہ کاروں کے وفد نے سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر لائیو اسٹاک عاشق حسین سے ملاقات کی، جس میں ڈیری انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار بھینسوں کا آزمائشی منصوبہ پاک پتن، مظفرگڑھ اور جھنگ میں شروع کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت اعلیٰ نسل کی بھینسوں کی افزائش، دودھ کی پیداوار بڑھانے، پیکجنگ اور برآمدی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ مزید برآں، دودھ کو ٹھنڈا اور محفوظ بنانے سمیت جدید مشینری متعارف کرائی جائے گی، جبکہ ایک جامع ڈیری پالیسی بھی جلد مرتب کی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ زیتون کی کاشت کے بعد پنجاب میں ڈیری فارمنگ زرعی انقلاب کی رفتار مزید تیز کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈیری مصنوعات کے منصوبے سے چھوٹے کسانوں اور خواتین کو معاشی استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے 15 ہزار لائیو اسٹاک کارڈز اور 80 ارب روپے کی سبسڈی سے کسانوں اور زراعت کو حاصل ہونے والے فوائد پر بھی روشنی ڈالی۔
مزید برآں، انہوں نے کسانوں کو آسان شرائط پر ٹریکٹر اور زرعی مشینوں کی فراہمی کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان سہولتوں سے پنجاب میں زراعت کو مزید فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے اٹلی کے ڈیری کے شعبے کے سرمایہ کار وفد کی آمد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر لائیو اسٹاک عاشق حسین نے اس موقع پر اٹلی کے وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی دنیا کے بڑے زرعی اور ڈیری پیداوار کے حامل ممالک میں شمار ہوتا ہے اور اس شراکت داری سے پنجاب کی ڈیری صنعت میں نمایاں بہتری آئے گی۔