سفارت خانے

ریاض میں امریکی سفارت خانے پر ڈرون حملہ، محدود نقصان؛ سعودی دفاعی نظام نے متعدد ڈرونز مار گرائے

ریاض،یورپ ٹوڈے: سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ منگل کی علی الصبح دو ڈرونز نے ریاض میں قائم امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عمارت میں معمولی آگ بھڑک اٹھی اور جزوی مالی نقصان ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

رائٹرز کے مطابق واقعے کے وقت عمارت خالی تھی کیونکہ یہ حملہ صبح سویرے کیا گیا۔ ابتدائی جائزے کے مطابق حملے سے محدود نوعیت کی آگ لگی جس پر فوری قابو پا لیا گیا۔ عینی شاہدین نے سفارت خانے کے اطراف فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیکھنے کی تصدیق کی، جبکہ سفارتی علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سننے اور عمارت سے دھواں اٹھتے دیکھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

ایک سعودی عسکری ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض کے سفارتی علاقے کو نشانہ بنانے والے چار ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ بعد ازاں سعودی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ دارالحکومت ریاض اور شہر الخرج کے قریب آٹھ ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

واقعے کے بعد ریاض، جدہ اور ظہران میں قائم امریکی تنصیبات کے لیے "شیلٹر اِن پلیس” ہدایات جاری کی گئیں اور خطے میں فوجی تنصیبات کی جانب غیر ضروری سفر محدود کر دیا گیا۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فضائی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز تہران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران نے جوابی کارروائیاں شروع کیں، جن میں اسرائیل کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اڈوں والے عرب ممالک کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی افواج نے پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، ایرانی فضائی دفاعی صلاحیتوں، میزائل و ڈرون لانچ سائٹس اور فوجی ہوائی اڈوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔

سعودی عرب میں حملوں کے ساتھ ہی خلیجی ریاستوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر بھی دیکھی گئی۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کی بوچھاڑ سے نمٹنے کے اقدامات کیے گئے۔ قطر کی وزارتِ دفاع نے بھی تصدیق کی کہ منگل کی صبح دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔

ایرانی حملوں کے نتیجے میں خطے کے مختلف ممالک میں بندرگاہوں، ہوائی اڈوں، رہائشی عمارتوں، ہوٹلوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ پیر کے روز کویت سٹی میں قائم امریکی سفارت خانے سے بھی دھواں اٹھتے دیکھا گیا۔ بعد ازاں کویت میں تعینات سفارتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عمارت کو متعدد ڈرون حملوں سے نقصان پہنچا جبکہ ایک ذریعے کے مطابق عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔

خطے میں کشیدگی کے اس تازہ مرحلے نے مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جبکہ فریقین کے درمیان جاری کشمکش کے مستقبل سے متعلق عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔

قونصل خانے Previous post احتجاج اور سیکیورٹی خدشات: پشاور میں امریکی قونصل خانے کی سرگرمیاں معطل، اسلام آباد و دیگر شہروں میں ویزا سروسز منسوخ
ترکمانستان Next post ترکمانستان ایئرلائنز کی دبئی اور جدہ کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل