شہباز شریف

توانائی بچت اقدامات: ملک بھر میں بازار اور شاپنگ مالز کے اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ

Read Time:1 Minute, 54 Second

اسلام آباد ، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کے روز پیٹرولیم مصنوعات، توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک بھر میں کاروباری اوقات کار محدود کرنے سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ تاہم خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں صوبائی حکومت سے مشاورت کے بعد کاروبار رات 9 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

فیصلے کے مطابق اشیائے ضروریہ کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور تمام اقسام کے مالز بھی رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ بیکریز، ریسٹورنٹس، تندور اور دیگر خوراک سے متعلق دکانیں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔ شادی ہالز، مارکیز اور شادی سے متعلق دیگر تجارتی مقامات بھی رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ نجی گھروں اور جائیدادوں میں بھی رات 10 بجے کے بعد شادی کی تقریبات منعقد کرنے پر پابندی ہوگی، جبکہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یہ تمام فیصلے 7 اپریل سے نافذ العمل ہوں گے، جبکہ صوبہ سندھ میں مارکیٹس اور کاروباری اوقات کار کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز مکمل کی جا چکی ہیں۔

وزیراعظم نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے وزرائے اعلیٰ کا ان اہم قومی فیصلوں پر اتفاق رائے کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت بھی جلد مشاورت مکمل کر کے اس فیصلے میں شامل ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ گلگت اور مظفرآباد میں انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لیے مفت فراہم کی جائے گی جس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
آذربائیجان Previous post آذربائیجان-ترکیہ عدالتی تعاون مضبوط، اعلیٰ سطحی ملاقات میں باہمی تعلقات کا جائزہ
شہباز شریف Next post عالمی یومِ صحت پر وزیراعظم شہباز شریف کا صحت مند پاکستان کے عزم کا اعادہ