
انگلینڈ نیپال کے خلاف بڑا اپ سیٹ بال بال بچا، نیوزی لینڈ کی ٹی20 ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز
ممبئی / چنئی، یورپ ٹوڈے: انگلینڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں نیپال کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بمشکل فتح حاصل کی اور بڑے اپ سیٹ سے بچ گیا۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں نیپال نے آخری لمحات تک انگلینڈ کو سخت دباؤ میں رکھا۔
185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم 180 رنز پر 6 وکٹوں کے نقصان پر رک گئی۔ لوکیش بام نے 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 39 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے، تاہم سیم کرن نے آخری اوور میں 10 رنز کا دفاع کرتے ہوئے انگلینڈ کو فتح دلا دی۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل نے 35 گیندوں پر 55 رنز بنائے جن میں چار چھکے شامل تھے، جبکہ کپتان ہیری بروک نے 32 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے۔ ول جیکس نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر ناقابلِ شکست 39 رنز بنائے اور انگلینڈ کو ایک مضبوط اسکور تک پہنچایا۔
چنئی میں کھیلے گئے دن کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے گروپ ڈی میں افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ٹم سیفرٹ نے 42 گیندوں پر 65 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے 183 رنز کا ہدف دو اوور قبل حاصل کر لیا، جو ٹی20 ورلڈ کپ میں اس کا سب سے بڑا کامیاب تعاقب ہے۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 182 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔ گروپ ڈی کو ٹورنامنٹ کا مشکل ترین گروپ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 2024 کے فائنلسٹ جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔