ایتھوپیا

پی ایچ اے لاہور میں ایتھوپیا۔پاکستان گرین ڈائیلاگ، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار

لاہور، یورپ ٹوڈے: پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) پنجاب اور ایتھوپیا کے سفارتخانے اسلام آباد کے اشتراک سے ایتھوپیا۔پاکستان گرین ڈائیلاگ: ایتھوپیا کی گرین لیگیسی سے سبق کے عنوان سے ایک تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد سبز ثقافت، جدت اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنا تھا۔

تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر برائے ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین تھے۔ سیکرٹری جنگلات و وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک، ڈی جی پی ایچ اے ناہید گل بلوچ اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز بھی شریک ہوئے۔ ایتھوپیا کا اعلیٰ سطحی وفد بھی ڈائیلاگ میں شامل ہوا، جبکہ پاکستان سے سرکاری حکام، سفارتکار، ماحولیاتی ماہرین، تعلیمی شعبہ، نوجوان اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے ڈائیلاگ کی صدارت کی اور بتایا کہ وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا نے 41.2 ارب سے زائد پودے لگا کر سبز رقبے میں نمایاں اضافہ کیا، غربت اور بے روزگاری کم کی اور زمین کے کٹاؤ و غذائی قلت کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاربن کے اخراج میں سب سے کم حصہ ڈالنے کے باوجود شدید ماحولیاتی اثرات جھیل رہا ہے اور ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے۔

ڈی جی پی ایچ اے نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ایجنڈے کو سراہا اور پائیدار ترقی کے عزم کو اجاگر کیا۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز نے بھی اس مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔

تقریب میں گرین لیگیسی ایوارڈز تقسیم کیے گئے اور اجتماعی شجر کاری بھی کی گئی، جو دونوں ممالک کے سبز مستقبل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ بعد ازاں ماہرین و پالیسی سازوں نے پائیدار ماحولیاتی ترقی کے لئے حکمتِ عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

علییف Previous post صدر الہام علییف کو ترکمانباشی میں اخال ٹیکے نسل کا نایاب گھوڑا تحفے میں پیش
شہباز شریف Next post وزیر اعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا عزم