ایتھوپیا

ایتھوپیا کے سفیر کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

کراچی، یورپ ٹوڈے: ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم خالد تواب اور وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اہم ملاقات کی، جس میں سیکریٹری ٹو سی ایم، زمان ناریجو بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ثقافت اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ان شعبوں میں عملی اقدامات کے ذریعے تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ایتھوپین سفیر نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ان کے ملک نے گزشتہ چھ برسوں میں ماحولیاتی تحفظ کے تحت 40 ارب سے زائد درخت لگائے ہیں، جو ’گرین لیگیسی‘ مہم کا حصہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ایتھوپیا کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایتھوپیا کی ماحولیاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “کراچی سے ایتھوپیا صرف چار گھنٹے کی فلائٹ پر ہے، جلد ہی ایتھوپیا کا دورہ کروں گا۔” انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے میں ایتھوپین ایئر لائنز کے مثبت کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تعلقات کی جانب ایک اور اہم قدم قرار دی گئی۔

میکرون Previous post میکرون اورپیوٹن کے درمیان دو گھنٹے طویل ٹیلیفونک رابطہ، یوکرین میں جنگ بندی اور مذاکرات پر زور
ایتھوپیا Next post ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات، دو طرفہ و کثیرالجہتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال