والٹن اولڈ ایئرپورٹ کے قریب دھماکے سنے گئے،، بھارتی ڈرون مار گرایا گیا، سیکیورٹی ہائی الرٹ

والٹن اولڈ ایئرپورٹ کے قریب دھماکے سنے گئے،، بھارتی ڈرون مار گرایا گیا، سیکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور، یورپ ٹوڈے: والٹن اولڈ ایئرپورٹ کے قریب جمعرات کی صبح یکے بعد دیگرے شدید دھماکوں کی آوازوں نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، والٹن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جن کے باعث لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

ابتدائی طور پر دھماکوں کی نوعیت معلوم نہیں ہو سکی، تاہم بعد ازاں ذرائع نے بتایا کہ والٹن میں واقع ایک حساس سیکیورٹی ادارے کے دفتر کو بھارتی ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

واقعے کے فوری بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ احتیاطی تدابیر کے تحت قریبی اسکولوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور طلبا کو گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، ڈرون سرحد پار سے اڑایا گیا تھا اور حساس تنصیبات کی جاسوسی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متعلقہ عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

حکام نے شہریوں کو پُر سکون رہنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ حساس علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے Previous post چینی صدر شی جن پنگ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے
متحدہ عرب امارات کے صدر سے آذربائیجان کی پارلیمنٹ کی اسپیکر صاحبه غفاروا کی اعلیٰ سطحی ملاقات Next post متحدہ عرب امارات کے صدر سے آذربائیجان کی پارلیمنٹ کی اسپیکر صاحبه غفاروا کی اعلیٰ سطحی ملاقات