
ایف بی آر کی چھ بڑی کارروائیوں کا منصوبہ، مینوفیکچررز اور ڈسٹری بیوٹرز پر بھاری جرمانے کی تجویز
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ایف بی آر نے ملکی ریونیو کو بہتر بنانے اور ٹیکس چوری کو روکنے کے لیے چھ بڑی کارروائیوں کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ ان کارروائیوں میں مینوفیکچررز، ہول سیلرز/ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کے لیے 10 لاکھ روپے کا نیا جرمانہ عائد کرنے کی تجویز شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 7.1 ٹریلین روپے کی ٹیکس چوری کی نشاندہی کے بعد، ایف بی آر نے 250 ملین روپے سے زائد کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر نے مینوفیکچررز اور ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف سخت کارروائیوں کا اعلان کیا ہے، جس میں عدم رجسٹریشن کی صورت میں ان کے اثاثے منجمد کرنے اور یوٹیلیٹی سہولیات کو بند کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
ایف بی آر نے ٹیکسٹائل، سیمنٹ، پی او ایل، تمباکو، آئرن اینڈ اسٹیل، اور دیگر بڑے ریونیو اسپنر سیکٹرز کے لیے آزاد ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، تاکہ حقیقی ٹیکسوں کی وصولی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف سیکٹرز میں اربوں روپے کا ٹیکس فرق پایا گیا ہے، جسے پورا کرنے کے لیے یہ نئی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔