
سعودی وزیرِ دفاع سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) اور چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مملکت سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ایران کی جانب سے مملکت سعودی عرب پر کیے گئے ڈرون اور میزائل حملوں کے باعث پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال کی سنگینی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی غور کیا کہ اس صورتحال کو روکنے کے لیے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے دائرہ کار میں مشترکہ اقدامات کیسے کیے جا سکتے ہیں۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلااشتعال جارحیت خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے اور تنازعات کے پرامن حل کی راہیں مسدود کرتی ہے۔
بیان کے مطابق دونوں جانب سے اس امید اور خواہش کا اظہار بھی کیا گیا کہ برادر ملک ایران دانشمندی اور بردباری کا مظاہرہ کرے گا، کسی بھی غلط اندازے سے گریز کرے گا اور بحران کے پرامن حل کے لیے کوشاں دوست ممالک کی کوششوں کو تقویت دے گا۔