لڑکیوں کی تعلیم وقت کا بڑا چیلنج، مسلم ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

لڑکیوں کی تعلیم وقت کا بڑا چیلنج، مسلم ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم وقت کا بڑا چیلنج ہے اور مسلم ممالک کو اس حوالے سے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ وہ اسلام آباد میں “مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع” کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور اس شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

تقریب میں 47 ممالک کے وزرا، اہم شخصیات، اور مختلف اداروں کے نمائندے شریک تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اسلام میں علم کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے حضرت خدیجہؓ کی خدمات، محترمہ فاطمہ جناح کی جدوجہد، بے نظیر بھٹو کے بطور پہلی خاتون وزیراعظم کارنامے، اور مریم نواز کی بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے ارفع کریم کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کامیابی اور ملالہ یوسفزئی کی ہمت و عزم کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کے لیے اعزاز ہے، اور ملالہ کی شرکت اس کا فخر ہے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم نے عربی زبان میں چند جملے ادا کیے، جس پر شرکا نے تالیاں بجا کر ان کی پذیرائی کی۔

بین الاقوامی معاہدے پر دستخط
وزیراعظم کے خطاب کے بعد کانفرنس میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے میں اسلامی تعاون تنظیم، مسلم رہنماؤں، اور دیگر سیکرٹری جنرلز کی موجودگی میں مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

ترکمانستان کی وزارت خارجہ Previous post ترکمانستان کی وزارت خارجہ کا بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سالانہ منصوبہ پیش
باقی Next post ادارۂ فروغِ قومی زبان میں مشہور شاعر باقی صدیقی کی 53ویں برسی پر خراجِ تحسین کی تقریب منعقد