
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی کھلی کچہری میں وزیر اعظم شہباز شریف سے براہ راست گفتگو، عوام کو بھی شامل کیا
لاہور، یورپ ٹوڈے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عوامی رابطے کے ایک منفرد اقدام کے طور پر کھلی کچہری میں شریک شہریوں کو براہ راست وزیر اعظم شہباز شریف سے گفتگو کروائی۔ اس موقع پر اسپیکر آن کر کے عوام نے وزیر اعظم سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
دوران کھلی کچہری گورنر پنجاب کو وزیر اعظم کا فون موصول ہوا جس میں وزیر اعظم نے عید کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے عوام کو بھی وزیر اعظم سے براہ راست بات کرنے کا موقع دیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اپنی قیادت کے ساتھ متحد ہیں”۔ وزیر اعظم نے بھی پنجاب میں جمہوری نظام کے فروغ کے لیے سردار سلیم حیدر خان کی کوششوں کو سراہا۔
مزید برآں، گورنر پنجاب نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ یہ قوم کے وقار اور سلامتی کا مظہر ہے۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے میں گورنر کی خدمات کو سراہا۔
یہ ملاقاتیں نہ صرف عوامی رابطے کے فروغ کا عکاس ہیں بلکہ موجودہ قیادت کے درمیان ہم آہنگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کا مظہر بھی ہیں۔