سرکاری بجلی کمپنیوں کی نجکاری پر احتجاج سے بچنے کیلئے لازمی سروس ایکٹ نافذ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی حکومت نے سرکاری بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے دوران ممکنہ احتجاج اور ہڑتال سے بچنے کے لیے ڈسکوز، این ٹی ڈی سی اور جنکوز پر لازمی سروس ایکٹ نافذ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس ایکٹ کے تحت ان اداروں میں احتجاج اور ہڑتال پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ یونین کی سرگرمیوں کو بھی روک دیا گیا ہے۔
یہ قدم نجکاری کے عمل کے دوران ممکنہ احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے، جس میں یونینز اور ملازمین کی جانب سے کسی بھی قسم کی مخالفت کا امکان ہے۔ لازمی سروس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے یہ ایکٹ 6 ماہ کے لیے تمام پاور سیکٹر کے اداروں پر نافذ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے بعد پاور ڈویژن نے فوری طور پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔