وفاقی وزارت مذہبی امور کا حج 2025 کے حوالے سے اہم اعلان
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے حوالے سے نجی حج منظم کمپنیوں اور ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دیتے ہوئے نجی عازمینِ حج کے پیکیجز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ نجی حج اسکیم کی بکنگ 10 جنوری سے 31 جنوری 2025 تک جاری رہے گی۔ نجی حج اسکیم کے مختلف پیکیجز وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نجی اسکیم کے بنیادی حج پیکیجز کی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار سے 21 لاکھ 50 ہزار کے درمیان رکھی گئی ہے۔ حج منظم کمپنیاں سہولت کی فراہمی کے معاہدے (SPA) کے مطابق نجی عازمینِ حج کی بکنگ کریں گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اضافی سہولیات کے ساتھ 30 لاکھ سے زائد قیمت والے حج پیکیجز کو “حج پالیسی فارمولیشن کمیٹی” سے منظور کروانا لازمی ہوگا، جبکہ اس منظوری کے وقت مکمل تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 30 لاکھ سے زائد قیمت والے حج پیکیجز خریدنے اور فروخت کرنے والوں کے کوائف ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے نجی عازمینِ حج کو ہدایت دی کہ بکنگ کرواتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ “پاک حج” سے لازمی تصدیق کریں، پیسوں کا لین دین صرف متعلقہ کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کریں، اور سہولیات کا معاہدہ طلب کریں۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ حج پیکیجز کی سہولیات کو اچھی طرح سمجھنے کے بعد ہی بکنگ کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔