رشاد بخاری

حلقہ اربابِ ذوق اسلام آباد کا اجلاس: رشاد بخاری کے افسانے ’’سونیا کا گڈا‘‘ پر فکری و تنقیدی بحث

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے(رپورٹ: منیرفیاض): حلقہ اربابِ ذوق اسلام آباد کا گزشتہ ادبی اجلاس معروف افسانہ نگار محمد حمید شاہد کی زیرِ صدارت 19 دسمبر کو شام 5 بج کر 30 منٹ پر رائٹر ہاؤس، اکادمی ادبیات پاکستان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں افسانہ نگار رشاد بخاری نے اپنا افسانہ ’’سونیا کا گڈا‘‘ تنقید کے لیے پیش کیا۔

اجلاس میں شریک ناقدین نے افسانے کا فنی، فکری اور نفسیاتی زاویوں سے تفصیلی جائزہ لیا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اثرات تیزی سے سماجی اقدار اور روایات کو متاثر کر رہے ہیں، جس کے تناظر میں یہ افسانہ موضوعاتی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ افسانے میں فرد کی داخلی تنہائی، حالات کے نتیجے میں جنم لینے والی فرسٹریشن اور ان کیفیات سے نجات کے لیے مصنوعی ذہانت کی ایجادات کی جانب بڑھتے رجحان کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں کہانی کے پس منظر میں اے آئی روبوٹ تیار کرنے کی ٹیکنالوجی پر بھی بحث کی گئی۔

صدرِ اجلاس محمد حمید شاہد نے گفتگو کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ یہ افسانہ تیز رفتار سائنسی ترقی کے اس دور میں، جہاں روبوٹس کی صورت میں انسان کا متبادل پیش کیے جانے کی بات ہو رہی ہے، کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ساتھ ہی یہ فرد کی اندرونی کشمکش، نا آسودگی اور بے چینی کے اسباب کو تلاش کرنے پر بھی آمادہ کرتا ہے۔ ان کے مطابق رشاد بخاری ایک مضبوط اور گندھے ہوئے پلاٹ کے ساتھ معیاری اور مؤثر نثر لکھنے میں کامیاب نظر آتے ہیں۔

اجلاس کے دوران لاہور سے تشریف لائے مہمان شاعر غافر شہزاد نے اپنا کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور محظوظ ہوئے۔

آخر میں رپورٹ معظمہ تنویر (جوائنٹ سیکرٹری) اور منیر فیاض (سیکرٹری) کی جانب سے اجلاس کی کارروائی قلم بند کی گئی۔

شہباز شریف Previous post وزیراعظم شہباز شریف کا انڈر 19 ایشیا کپ چیمپئنز کے اعزاز میں ظہرانہ، نوجوان کھلاڑیوں کی تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین
پزشکیان Next post قفقاز میں علاقائی ہم آہنگی کے فروغ پر زور، ایران اور جارجیا کے تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت: صدر مسعود پزشکیان