
حلقۂ اربابِ ذوق اسلام آباد کا ہفتہ وار تنقیدی اجلاس منعقد
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے(رپورٹ: منیرفیاض): حلقۂ اربابِ ذوق اسلام آباد کا ہفتہ وار اجلاس جمعہ 12 دسمبر کو شام 6 بجے اکادمی ادبیات پاکستان اسلام آباد کے رائٹرز ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت معروف ادیب و شاعر جناب رحمان حفیظ نے کی۔
اجلاس میں شاعرہ نرگس جہانزیب نے تنقید کے لیے اپنی دو غزلیں پیش کیں، جن پر شرکائے اجلاس نے ان کے فنی سفر کے تناظر میں اسلوبی اور موضوعاتی حوالوں سے تفصیلی گفتگو کی۔ اظہارِ خیال کرنے والوں میں جلیل عالی، اختر عثمان، ظہیر گیلانی، شرافت علی، رشاد بخاری، اشفاق عامر، علی اکبر ناطق، خالد جیلانی، نیر خان، معظمہ تنویر، بلقیس قمر، راحت خان، منیر فیاض اور صدرِ اجلاس رحمان حفیظ شامل تھے۔
اجلاس کے اختتام پر کینیڈا سے تشریف لائی ہوئی اسلام آباد حلقے کی پرانی رکن بلقیس قمر سبزواری نے حاضرین کو اپنا منتخب کلام سنایا، جسے شرکا نے بے حد سراہا۔