
حزب الله کے سربراہ حسن نصر الله کی شہادت
بیروت، یورپ ٹوڈے: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب الله نے اپنے سربراہ حسن نصر الله کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ حزب الله کے لبنانی چینل المنار پر ان کی شہادت کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے پہلے ہی دعویٰ کیا تھا کہ سید حسن نصر الله کو ایک فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے، اور اب حزب الله نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کردی ہے۔ اسرائیل نے حزب الله کے سینئر رہنما علی کرکی کی بھی شہادت کا دعویٰ کیا ہے۔
اس حملے میں اسرائیلی طیاروں نے بیروت میں ایک ساتھ 15 بنکر بسٹر میزائل داغے، جنہوں نے 6 عمارتوں کو تباہ کر دیا اور 8 افراد شہید جبکہ 91 زخمی ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حسن نصر الله ایک زیر زمین بنکر میں قیام پذیر تھے جو زمین سے 14 منزل نیچے واقع تھا۔
حماس نے حسن نصر الله کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کی قربانی کو مزاحمت کی راہ میں ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں اور رہائشی عمارتیں مسلسل نشانہ بن رہی ہیں۔