برطانیہ

برطانیہ میں شدید گرمی کی لہر: ہیٹ ہیلتھ الرٹ جاری، اموات میں اضافے کا خدشہ

لندن، یورپ ٹوڈے: برطانوی حکام نے جمعہ کے روز ایک ایمبر ہیٹ ہیلتھ الرٹ جاری کیا ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث گرمی سے متعلق اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی (UKHSA) نے الرٹ کی سطح زرد (Yellow) سے بڑھا کر نارنجی (Amber) کر دی ہے، جو لندن، ایسٹ اور ویسٹ مڈلینڈز، مشرقی انگلینڈ، جنوب مشرقی اور جنوب مغربی علاقوں کے لیے نافذ کی گئی ہے، غیر ملکی ذرائع نے رپورٹ کیا۔

UKHSA ویلز، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں کام نہیں کرتی، جہاں آنے والے دنوں میں بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بی بی سی کے مطابق، جمعہ کو لندن کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ (93.2 فارن ہائیٹ) تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا: “متاثرہ علاقوں میں نمایاں اثرات متوقع ہیں، اور اموات میں اضافہ ممکن ہے، خاص طور پر 65 سال سے زائد عمر کے افراد یا پہلے سے موجود طبی مسائل کے شکار افراد میں۔” ایجنسی نے مزید خبردار کیا کہ نوجوان عمر کے افراد بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

مسلسل گرمی کے باعث صحت اور سماجی بہبود کی سہولیات پر دباؤ بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ اسپتالوں اور نرسنگ ہومز میں درجہ حرارت تجویز کردہ حد سے تجاوز کر سکتا ہے، جب کہ عملے کو بنیادی خدمات کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ہیٹ ہیلتھ الرٹ پیر کی صبح تک نافذ العمل رہنے کا امکان ہے۔

شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں جنگلاتی آگ کے خطرے کے پیش نظر وارننگز جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ یارکشائر میں خشک موسم کی وجہ سے پانی کے استعمال پر ہوز پائپ پابندی (hosepipe ban) عائد کر دی گئی ہے۔

جولائی کے مہینے میں برطانیہ بھر میں غیر معمولی حد تک گرم اور خشک موسم دیکھا گیا ہے، اور موسم کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ ہفتے بھی یہ گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خود کو ٹھنڈا اور ہائیڈریٹ رکھیں، اور اپنے کمزور یا بزرگ رشتہ داروں، دوستوں اور ہمسایوں کی خیریت دریافت کرتے رہیں۔

لاہور Previous post لاہور، برسات، روایات اور حاجی صاحب
باورنا سالو Next post قازق فلم “باورنا سالو” کو اٹلی کے اشیا فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کا اعزاز حاصل