شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، علاقائی و ملکی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کے روز علاقائی اور پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار اور مختلف اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے افغانستان کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالے سے درپیش چیلنجز پر گفتگو کی۔

اجلاس کو ملک کی داخلی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ حکام نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر ایران سے پاکستانی شہریوں کے انخلا کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دفترِ خارجہ کی جانب سے شہریوں کی محفوظ واپسی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ایران سے پاکستانی شہریوں کا انخلا آذربائیجان کے ذریعے ممکن بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، وفاقی وزراء احسن اقبال، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

نواز شریف Previous post وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مظاہرین سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت، امن برقرار رکھنے کی اپیل
شہباز شریف Next post ایران پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا، وزیرِاعظم شہباز شریف کی 18 رکنی کمیٹی تشکیل