
ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان، خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے چار دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر اور وزیراعظم آفس سے جاری علیحدہ علیحدہ بیانات میں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے پر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم کو سراہا۔
صدر آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی ہلاکت اور اسلحہ کی برآمدگی افواجِ پاکستان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشنز ناگزیر ہیں۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے بیرونی سرپرستوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف ان کے آلہ کاروں کو ختم کرے گا بلکہ دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں تک بھی پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے چار دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
صدر اور وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ پاکستان میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔