چیمپئنز ٹرافی

آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق اہم اجلاس آج دوبارہ ہوگا

دبئی، یورپ ٹوڈے: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کے لیے اہم اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔ گزشتہ روز ہونے والا اجلاس ملتوی ہو گیا تھا اور اس میں پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہو سکا تھا۔

ذرائع کے مطابق، گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں فریقین کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن پر آج دوبارہ غور کیا جائے گا۔ دبئی میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سمیت کئی ممالک کے بورڈ سربراہان موجود تھے، جبکہ دیگر نے وڈیو کال کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

پاکستان نے اجلاس میں اپنی مضبوط پوزیشن رکھتے ہوئے مکمل ایونٹ کی میزبانی پاکستان میں کرنے پر زور دیا اور ہائبرڈ ماڈل کی دوبارہ مخالفت کی۔ اس موقع پر آئی سی سی نے بعض تجاویز پیش کیں، جن پر ابتدائی تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ ہفتے تک مؤخر کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر ہونے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔

آئی سی سی نے فریقین کے لیے قابل قبول حل پیش کرنے کی کوشش کی ہے، اور دونوں ممالک کے بورڈز کو اس معاملے پر اپنی حکومتوں سے مشاورت کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ فیصلہ آسانی سے کیا جا سکے۔

پی سی بی نے اپنے واضح مؤقف میں کہا کہ اگر بھارت کو کسی بھی طرح کا فائدہ پہنچایا گیا تو پاکستان ٹیم آئندہ ایونٹس میں بھارتی ٹیم کے خلاف کسی بھی میدان میں کھیلنے کے لیے نہیں اُترے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی کو بتایا کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کے تمام انتظامات تقریباً مکمل کر چکا ہے اور وہ حتمی فیصلے کا انتظار کر رہا ہے۔

پاکستان کا موقف ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی اسپانسرشپ اور پیسے کا رعب دکھاتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل پر زور دیا تو اس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے۔

گرین وے انرجی Previous post گرین وے انرجی انڈونیشیا کی فیکٹری کی افتتاحی تقریب
مارکسزم Next post چینی صدر شی جن پنگ کا مارکسزم کو چینی سیاق و سباق اور وقت کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت پر زور