
بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے اعلان پر آئی سی سی کا ردِعمل، پی سی بی سے باضابطہ وضاحت کا انتظار
دبئی، یورپ ٹوڈے: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت مگر بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے اعلان پر اپنا مؤقف جاری کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری میڈیا ریلیز کے مطابق، آئی سی سی اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ آگاہی کی منتظر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جزوی شرکت کا مؤقف عالمی اسپورٹنگ ایونٹس کے بنیادی اصولوں سے ہم آہنگ نہیں، جہاں تمام ٹیمیں برابری کی بنیاد پر مقابلہ کرتی ہیں۔
میڈیا ریلیز میں واضح کیا گیا کہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس ساکھ، مسابقت اور مساوات کے اصولوں پر مبنی ہوتے ہیں۔ اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم ایسے فیصلے عالمی سطح پر کھیل کے مفاد میں نہیں سمجھے جاتے۔
آئی سی سی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس فیصلے کے ممکنہ گہرے اور طویل المدتی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد آئی سی سی کی اولین ترجیح ہے، جو تمام رکن ممالک بشمول پی سی بی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میڈیا ریلیز کے اختتام پر کہا گیا کہ توقع کی جاتی ہے پی سی بی تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے کوئی باہمی قابلِ قبول حل تلاش کرے گا، کیونکہ جزوی شرکت کھیل کی ساکھ کو متاثر کر سکتی ہے۔