انڈونیشیا

انڈونیشیا کا سنگِ میل: جاپان میں کیو آر آئی ایس ادائیگی نظام کا باضابطہ آغاز

جکارتہ، یورپ ٹوڈے: بینک انڈونیشیا (بی آئی) نے اتوار کے روز جاپانی مارکیٹ کے لیے کیو آر کوڈ انڈونیشین اسٹینڈرڈ (QRIS) ادائیگی نظام کا باضابطہ آغاز کیا، جو انڈونیشیا کی آزادی کی 80ویں سالگرہ کے موقع کے ساتھ منسلک کیا گیا۔

گورنر بینک انڈونیشیا پیری وارجیؤ نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف آسیان کے دائرے سے باہر کیو آر آئی ایس کے پھیلاؤ کا پہلا موقع ہے بلکہ سرحد پار ادائیگی نظام کو آسان بنانے کی انڈونیشیا کی کوششوں میں ایک سنگِ میل بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "چھ سال قبل آغاز کے بعد سے کیو آر آئی ایس ڈیجیٹل ادائیگی کے ماحولیاتی نظام کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوا ہے اور اس نے انڈونیشیا کی معاشی خودمختاری کو مستحکم کیا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ کیو آر آئی ایس کے صارفین کی تعداد اب 5 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور جاپان میں اس توسیع سے دو طرفہ معاشی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

ابتدائی مرحلے میں، انڈونیشیا کے صارفین جاپان میں 35 منتخب دکانداروں پر صرف جے پی کیو آر گلوبل کوڈ اسکین کر کے لین دین کر سکیں گے۔ اس سہولت میں 14 قومی و علاقائی بینکوں کی موبائل بینکنگ خدمات کے ساتھ ساتھ مختلف موبائل والٹ پلیٹ فارمز بھی شامل ہیں۔

مستقبل میں انڈونیشیا جاپان میں مزید دکانداروں تک یہ نظام پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ صارفین کے لیے رسائی میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ منصوبہ ہے کہ جاپانی صارفین بھی اپنے گھریلو ادائیگی نظام کے ذریعے انڈونیشیا میں کیو آر آئی ایس کے تحت ادائیگیاں کر سکیں۔

یہ لانچ بینک انڈونیشیا، انڈونیشین پیمنٹ سسٹم ایسوسی ایشن (ASPI)، جاپان کی وزارت معیشت، تجارت و صنعت (METI)، پیمنٹ جاپان ایسوسی ایشن (PJA)، جے پی کیو آر گلوبل آپریٹر نیٹ اسٹارز اور دیگر شراکت دار اداروں کے اشتراک سے ممکن ہوا۔

یہ سرحد پار ادائیگی نظام مئی 2025 کے وسط سے جاپانی حکام کے تعاون سے تکنیکی تیاریوں اور آزمائشی مرحلے (sandbox trial) کے بعد باضابطہ طور پر متعارف کرایا گیا۔

بادل Previous post بادل پھٹنے کے واقعات: ماحولیاتی تبدیلی کے دور کا نیا چیلنج
پاکستان Next post سعودی قیادت کا پاکستان سے اظہارِ یکجہتی: سیلابی تباہ کاریوں پر افسوس، ہر ممکن امداد کی یقین دہانی