محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پہزشکیان سے اہم ملاقات

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پہزشکیان سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات، اور دوطرفہ تعاون پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے ایران کی جنگ میں عظیم فتح پر صدر پہزشکیان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر اور پوری قوم نے جارحیت کے خلاف جرأت مندانہ انداز میں ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت اور شاندار حکمت عملی نے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، جو پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر ایران پر حملے کی شدید مذمت کی، اور پاکستانی پارلیمنٹ وہ پہلا ادارہ تھا جس نے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کی مذمت میں قرارداد منظور کی اور ایران کے اپنے دفاع کے جائز حق کی حمایت کی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام بھی ایرانی صدر کو پہنچایا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پہزشکیان نے اس موقع پر کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کی طرف سے جنگ کے دوران فراہم کی گئی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم مسلم ممالک کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہے، لہٰذا اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر مسلمان ممالک اسلامی وحدت کی اہمیت کو بخوبی سمجھ لیں تو وہ صیہونی رژیم کے خلاف متحدہ محاذ تشکیل دے سکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط اور تعمیری مکالمے کو فروغ دے کر جامع تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے جنگ کے دوران پاکستان کی مخلصانہ حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اس ملاقات کے موقع پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، صدر ایران کے خصوصی معاون، ایران میں تعینات پاکستانی سفیر اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر بھی موجود تھے۔

شہباز شریف Previous post وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس، معیشت میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل نظام کو اولین ترجیح قرار
اسحاق ڈار Next post محمد اسحاق ڈار کی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات