
پاکستان کی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں اہم پیش رفت، افریقہ ون کیبل کل کراچی پہنچے گی
کراچی، یورپ ٹوڈے: پاکستان اپنی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کو افریقہ، عرب ممالک اور فرانس کے ساتھ مزید مستحکم کرنے جا رہا ہے، جس کے تحت جدید زیر سمندر فائبر آپٹک کیبل “افریقہ ون” کل پاکستانی ساحل پر پہنچے گی۔
ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق، افریقہ ون سب-میرین کیبل پاکستان کو افریقہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، مصر اور فرانس سے بہتر انٹرنیٹ رابطہ فراہم کرے گی، جس سے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید وسعت ملے گی۔
یہ جدید کیبل دس ہزار کلومیٹر طویل ہے اور اس کے عالمی کنسورشیم میں اتصلات، جی فورٹی ٹو، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی (PTCL) اور ٹیلی کام مصر شامل ہیں۔
افریقہ ون کیبل کو ہفتے کے روز کراچی کے ساحل پر لینڈ کیا جائے گا، جسے اگلے مرحلے میں پی ٹی سی ایل کے ملک گیر انٹرنیٹ نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا، تاکہ صارفین کو تیز رفتار اور مستحکم انٹرنیٹ سروس فراہم کی جا سکے۔