
عالمی یوم قدس کےحوالےسےایرانی سفیر کاخطاب
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز مہمانان گرامی اور محترم حاضرین!
میں عالمی یوم قدس کی مناسبت سے منعقدہ اس اجتماع میں آپ کی شرکت پر دلی تشکر پیش کرتا ہوں۔
فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم قدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تب سے ہر سال یہ دن دنیا بھر میں نہ صرف منایا جاتا ہے بلکہ اس کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے یہ دن امت مسلمہ کے اتحاد کی علامت بن چکا ہے جس میں دنیا کے تمام حریت پسند اور انصاف پرور افراد فلسطینی عوام کی حمایت کا عہد دہراتے ہیں۔
سات اکتوبر دو ہزار تئیس کے بعد سے ہمیں دو اہم حقائق کا سامنا ہے ایک طرف صیہونی جارحیت اور فلسطینی عوام کی نسل کشی ہے جو مغربی طاقتوں اور امریکہ کی مکمل پشت پناہی کے ساتھ جاری ہے دوسری طرف حماس کی مزاحمت ہے جو خاص طور پر جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے بعد اپنی گہری بنیادوں اور ناقابل تسخیر قوت کا مظاہرہ کر چکی ہے وہی اسرائیلی اتحاد جو کبھی حماس کو ختم کرنے کی بات کرتا تھا آج اس کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر مجبور ہو چکا ہے۔
بطور سفیر مجھے فخر اور اعزاز حاصل ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ فلسطینی کاز اور غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور اور غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم اس راہ پر القدس الشریف کی مکمل آزادی تک ثابت قدم رہیں گے۔
چند حکومتوں کی خاموشی بے عملی اور مصلحت پسندی کے باوجود دنیا بھر میں اسرائیلی ریاست کی وحشیانہ نسل کشی کے خلاف شعور بیدار ہو رہا ہے اور اس کے حامیوں کو انسانی ضمیر کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا رہا ہے بدقسمتی سے کئی ممالک اب بھی سازگار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں لبنان سے یمن تک امت مسلمہ مصائب اور مشکلات کا شکار ہے۔
پاکستانی حکومت اور عوام نے جس جذبے جرات اور اصولی موقف کے ساتھ فلسطینی کاز کا دفاع کیا ہے وہ قابل تحسین ہے پاکستان کے میڈیا اور بااثر شخصیات نے بھی عالمی سطح پر اس ظلم کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے میں اس موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے فلسطینی عوام کے حق میں مضبوط اور غیر متزلزل مؤقف اپنایا۔
عالمی یوم قدس کے موقع پر میں زور دیتا ہوں کہ امت مسلمہ کا اتحاد اور یکجہتی ہی صیہونی جارحیت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف کامیابی کی کلید ہے اس جمعہ کے روز دنیا بھر کے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فلسطینی عوام اور غزہ کے مظلوموں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔
آخر میں میں ایک بار پھر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اس بامقصد اجتماع میں شرکت کی آئیے ان بابرکت لمحات میں دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ تمام مظلوم مسلمانوں کو ظالموں کے تسلط سے نجات عطا فرمائے اور القدس الشریف کو جلد از جلد آزاد فرمائے۔