ایران

ایران کی جوہری معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی مشروط آمادگی

تہران، یورپ ٹوڈے: ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2015 کے جوہری معاہدے، جسے باضابطہ طور پر جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن (JCPOA) کہا جاتا ہے، پر مکمل عمل درآمد کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ تمام فریقین اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ یہ بات ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقا ئی نے برطانوی جریدے دی گارڈین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی، جو اتوار کو شائع ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ “کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم پابندیوں کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔” انہوں نے 2006 سے 2010 کے درمیان ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں اور ان کے خاتمے کے لیے طویل مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ان پابندیوں سے نجات حاصل کرنے میں دو سال سے زیادہ وقت لگا۔ کوئی باشعور شخص یا ذمہ دار حکومت ان کی واپسی کی خواہش نہیں رکھتی۔”

انہوں نے زور دیا کہ ایران نے اپنی خودداری کے تحفظ اور اقتصادی پابندیوں کی “ناانصافی پر مبنی جنگ” کا مقابلہ کرنا سیکھ لیا ہے، تاہم تہران اپنی تمام تر توانائی استعمال کرے گا تاکہ پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کو روکا جا سکے۔ بقا ئی کے مطابق ایران یورپی حکومتوں، چین، روس اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دیگر اراکین کے ساتھ رابطے میں ہے لیکن اسے “ہر ممکنہ منظرنامے” کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک معتبر ثالث کے بجائے “امریکا کے آلہ کار” بن گئے ہیں۔ بقا ئی نے یاد دہانی کرائی کہ ایران نے 2019 میں ہی اپنے عزم کا اظہار کر دیا تھا کہ اگر یورپی فریقین اور دیگر دستخط کنندگان اپنے وعدے پورے کریں تو ایران بھی مکمل طور پر معاہدے کی پاسداری کرے گا۔

ترجمان نے کہا: “ہمارا مؤقف آج بھی وہی ہے؛ اگر سب لوگ JCPOA کی طرف واپس آئیں گے تو ہم بھی واپس آئیں گے۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں شامل ہے، جو امریکا کی تجویز پر متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔ “اگر ان میں ذرا بھی نیک نیتی ہوتی تو وہ دوبارہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کرنے کی کوشش کرتے اور پھر ایران سے بھی اسی کی توقع رکھتے۔”

انڈونیشیا Previous post انڈونیشیا اور مصر کی مشترکہ کاوش، غزہ کے عوام کے لیے 10 ٹرک امدادی سامان روانہ
بیجنگ Next post صدر قاسم جومارت توقایف کی بیجنگ میں تقریبات میں شرکت، قازقستان۔چین تعلقات میں مزید پیش رفت