اسحاق

پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، انہیں چین کے تناظر میں نہ دیکھا جائے: اسحاق ڈار

نیویارک، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط ترین تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم ان تعلقات کو چین کے ساتھ پاکستان کی برادرانہ شراکت داری کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔

نیویارک میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سابق امریکی انتظامیہ کو بھی اس موقف سے آگاہ کیا گیا تھا، مگر انہوں نے پاکستان سے موثر رابطہ نہیں کیا۔ تاہم موجودہ امریکی حکومت پاکستان سے مفید بات چیت کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نو سال بعد پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی ہے، اور امریکی سینیٹر مارکو روبیو سے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا گیا، رافیل طیارے گرا کر بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا گیا، اور پہلگام واقعے پر بھارت کو عالمی تحقیقات کی پیشکش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر جارحانہ اقدامات کیے، جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کی۔ بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا دنیا کے سامنے بے نقاب کیا گیا، اور اس کی بوکھلاہٹ آج بھی جاری ہے۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا، جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے، اور عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں معاشی استحکام قائم ہو چکا ہے۔ اگر پی ٹی آئی کی حکومت مزید چھ ماہ قائم رہتی تو ملک ڈیفالٹ کر چکا ہوتا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اس ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت حاصل کی ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دنیا میں تنازعات کے پرامن حل کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے اور حکومت نے ان کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

رومانیہ Previous post ترکمانستان کے طلباء نے رومانیہ کی بین الاقوامی کمپنیوں اور یونیورسٹیوں میں صنعتی تربیت مکمل کرلی
ویسٹ ڈسپوزل Next post پنجاب میں مزید 136 ویسٹ ڈسپوزل پوائنٹس قائم کرنے کا فیصلہ، ستھرا پنجاب پروگرام پر عالمی بینک کی دلچسپی