
معرکۂ حق پر شاندار کامیابی — آئی ایس پی آر نے حقائق پر مبنی ڈاکومنٹری جاری کر دی
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے “معرکۂ حق” میں شاندار کامیابی پر ایک جامع اور شواہد پر مبنی ڈاکومنٹری جاری کر دی ہے، جسے عوامی حلقوں اور ماہرین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
ریلیز کی گئی اس ڈاکومنٹری میں معرکۂ حق سے متعلق تمام اہم واقعات کو ترتیب وار پیش کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں بین الاقوامی اور بھارتی ذرائع کے تناظر میں پہلگام واقعہ کو فالس فلیگ آپریشن قرار دیا گیا ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن سندور کی ناکامی پر سخت سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
ڈاکومنٹری میں یہ نکتہ بھی نمایاں کیا گیا ہے کہ اگر بھارت کے پاس واقعی کوئی شواہد ہوتے تو وہ مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرتا۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بھارت اب تک عالمی برادری کو کوئی قابلِ اعتبار ثبوت کیوں نہیں پیش کر سکا۔
ریلیز ڈاکومنٹری میں بھارتی شہریوں کی آوازیں شامل کی گئی ہیں، جو پہلگام واقعے کے ذمہ داران کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے نظر آتے ہیں۔ اس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
ڈاکومنٹری میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پیش کیے گئے متعدد حقائق اور تفصیلات شامل کی گئی ہیں، جن میں بھارتی طیاروں کی تباہی، ان کے ملبے کی بین الاقوامی میڈیا میں نشر کردہ تصاویر اور شواہد کو بھی دکھایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، ڈاکومنٹری میں بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے اور عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے کے ثبوت بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ڈاکومنٹری کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پیش کیے گئے تمام دعوے اور شواہد ثبوتوں کے ساتھ موجود ہیں، اور کوئی بھی ایسا عنصر شامل نہیں کیا گیا جس کی بنیاد محض قیاس آرائی ہو۔
آئی ایس پی آر کی یہ کاوش پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر وضاحت اور بھارتی بیانیے کی ساکھ پر سوالات اٹھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس ڈاکومنٹری کو مختلف قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر نشر کیا جا رہا ہے تاکہ حقیقت دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔