اٹلی

اٹلی کی جانب سے پاکستانی ہنرمند افراد کے لیے ساڑھے 10 ہزار ویزوں کا اعلان

روم،یورپ ٹوڈے: اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے اعلان کیا ہے کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لیے پاکستانی ہنرمند افراد کو ساڑھے 10 ہزار ویزے جاری کیے جائیں گے، جبکہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے سے استثنیٰ دیا جائے گا۔

یہ اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے روم میں ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں داخلی سیکیورٹی سے متعلق دوطرفہ تعلقات، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ لیگل مائیگریشن کے تحت پاکستانی اسکلڈ لیبر کو 10 ہزار 500 ویزے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے کچھ عرصہ قبل ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ کی تجویز پیش کی تھی، جس پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس سلسلے میں مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان غیر قانونی نقل مکانی، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف اپنی مؤثر حکمت عملی جاری رکھے گا۔

اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف پاکستان کی مؤثر پالیسی اور کامیابیوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف اقدامات میں پاکستان کی پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

امن Previous post امن ہماری ترجیح، دفاع ہمارا عزم
پاکستان Next post اقوام متحدہ میں پاکستان کا روس۔یوکرین جنگ پر مؤقف: فوری جنگ بندی اور بامعنی مذاکرات پر زور