اٹلی

اٹلی کا دنیا کے طویل ترین معلق پل کی تعمیر کا منصوبہ منظور

روم، یورپ ٹوڈے: اٹلی نے باضابطہ طور پر 15.5 ارب ڈالر (13.5 ارب یورو) کے اس منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت دنیا کا طویل ترین معلق پل تعمیر کیا جائے گا، جو مین لینڈ اٹلی کو سسلی سے آبنائے میسینا (Strait of Messina) کے ذریعے جوڑے گا۔ اس تاریخی پیش رفت کا اعلان وزیرِ انفراسٹرکچر میٹیو سالوینی نے وزارتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا، جو اس دہائیوں پرانے منصوبے کی اب تک کی سب سے ترقی یافتہ سطح ہے۔

یہ پل 3.7 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں 3.3 کلومیٹر معلق سیکشن شامل ہے، اور یہ ترکی کے 1915 چناق قلعہ پل کو 1.2 کلومیٹر سے زیادہ فرق سے پیچھے چھوڑ دے گا۔ اس پل میں دونوں سمتوں میں تین تین لینز پر مشتمل سڑک اور ڈبل ٹریک ریلوے شامل ہوں گے، جو ہر گھنٹے میں 6,000 گاڑیوں اور روزانہ 200 ٹرینوں کو گزرنے کی سہولت دے گا۔ اس سے آبنائے میسینا عبور کرنے کا وقت 100 منٹ سے کم ہو کر صرف 10 منٹ رہ جائے گا۔

ابتدائی کام ستمبر کے آخر یا اکتوبر میں شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی منظوری اٹلی کی آڈٹ عدالت سے مشروط ہے۔ باقاعدہ تعمیر 2026 میں شروع ہوگی، جس کی تکمیل 2032 سے 2033 کے درمیان متوقع ہے۔

وزیرِ انفراسٹرکچر سالوینی نے اس منصوبے کو اٹلی کے پسماندہ جنوبی علاقوں کے لیے ترقی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سالانہ 1,20,000 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور بنیادی ڈھانچے میں بڑی سرمایہ کاری ممکن ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ یہ منصوبہ نیٹو کے دفاعی اخراجات کے معیار میں بھی شامل ہو سکتا ہے، کیونکہ اس پل کو “دوہری استعمال” (dual-use) کے تحت فوجی نقل و حرکت کے لیے اسٹریٹجک راہداری کے طور پر شمار کیا جا رہا ہے۔

تاہم منصوبے کو ماحولیاتی ماہرین اور تعلیمی حلقوں کی طرف سے تنقید کا سامنا ہے۔ 600 سے زائد ماہرین نے پل کی فوجی درجہ بندی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جنگی صورت حال میں مزاحمت کے لیے مناسب جانچ نہیں کی گئی، اور یہ حملوں کے لیے زیادہ حساس ہو سکتا ہے۔ یورپی یونین نے بھی ہجرت کرنے والے پرندوں کے راستوں کو درپیش خطرات اور ماحولیاتی نقصان کے ازالے کی ناکافی شواہد پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مافیا کی ممکنہ مداخلت کے خدشات پر قابو پانے کے لیے اطالوی صدر نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ منصوبہ انسدادِ مافیا کے قوانین کے مکمل دائرہ کار میں ہوگا۔ سالوینی نے بھی ایکسپو 2015 اور آئندہ 2026 سرمائی اولمپکس جیسے اہم منصوبوں کی طرز پر سخت نگرانی اور جرائم کی روک تھام کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ منصوبہ اطالوی تعمیراتی ادارے Webuild کی سربراہی میں مکمل کیا جائے گا، جو چناق قلعہ پل کی طرز پر ایروناٹیکل ڈیزائن استعمال کرے گا تاکہ تیز ہواؤں اور زلزلوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ اگرچہ پل ایک زلزلہ خیز علاقے میسینا فالٹ لائن پر واقع ہے، جہاں 1908 میں مہلک زلزلہ آیا تھا، ماہرین کا کہنا ہے کہ معلق پل زلزلہ زدہ علاقوں کے لیے موزوں تصور کیے جاتے ہیں۔

Webuild کے سی ای او پیئیترو سالینی نے اس منصوبے کو قومی سطح پر ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پل پورے ملک کے لیے ایک انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ہوگا۔

محمد علی پاشا Previous post معروف امورِ خارجہ کے ماہر محمد علی پاشا کی رومانیہ کے سفیر سے ملاقات، تعلیم، ادب، زبانوں اور کاروباری تعاون پر تبادلہ خیال
شہباز شریف Next post وزیر اعظم شہباز شریف کا آبادی میں تیزی سے اضافے پر اظہار تشویش، قومی سطح پر فوری اور مربوط پالیسی کی ہدایت