کراچی ایئرپورٹ

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ: دو افراد جاں بحق، 10 زخمی، دہشت گردی کا شبہ

کراچی، یورپ ٹوڈے: کراچی ایئرپورٹ کے قریب ایک طاقتور دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 10 دیگر زخمی ہو گئے، جن میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے۔ سندھ کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ دھماکہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے ہوا اور یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ تھا، جس کا ہدف ایک گاڑی میں سفر کرنے والا غیر ملکی شہری تھا۔

دھماکے کے باعث کئی گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ موٹر سائیکلیں اور کچھ گاڑیاں جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔ دھماکے کے بعد پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔

آئل ٹینکر میں آگ لگنے کی ابتدائی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم حکام نے تصدیق کی کہ دو افراد جاں بحق اور 10 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحق لانجار نے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں غیر ملکی شہری سوار تھا، جو دھماکے میں زخمی ہو گیا۔ دھماکے کے بعد سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

آئل ٹینکر میں دھماکہ ایئرپورٹ کے ٹریفک سگنل کے قریب ہوا اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ آس پاس رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ رینجرز اور پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ہجوم کو مزید جانی نقصان سے بچانے کے لیے پیچھے دھکیل دیا۔

فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق دو افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

زخمیوں میں تین سیکیورٹی اہلکار، دو رینجرز، ایک پولیس افسر، ایک غیر ملکی شہری اور دیگر شامل ہیں۔ غیر ملکی شہری کو ایک نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے بعد شاہراہ فیصل اور ایئرپورٹ کے علاقے میں شدید ٹریفک جام ہو گیا، جسے بحال کرنے کے لیے پولیس نے کوششیں شروع کر دیں۔

ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی نے بتایا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دھماکے کے بعد وزیر داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ایئرپورٹ حکام نے رپورٹ کیا کہ جناح ٹرمینل کی عمارت اور اس کے اثاثے محفوظ ہیں۔ ماڈل کالونی روڈ (آؤٹر سگنل ایریا) کے قریب دھماکے کے حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ایک بیان جاری کیا، جس کے مطابق ٹرمینل پر پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق جاری ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے فوری طور پر فائر ٹینڈر گاڑیاں جائے حادثہ پر روانہ کیں اور ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی نے ریسکیو آپریشن میں مکمل تعاون کی ہدایت کی۔ متعلقہ حکام دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ویتنام Previous post ویتنام میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ، ستمبر میں 1.27 ملین بین الاقوامی سیاحوں کی آمد
تاشقند Next post تاشقند میں وسطی ایشیا کے پہلے پلازما ڈونر سینٹر کا افتتاح