صدر قاسم جومارت توقایف کا وسطی ایشیا اور یورپی یونین کے پہلے سربراہی اجلاس سے خطاب، باہمی تعاون کے فروغ پر زور

صدر قاسم جومارت توقایف کا وسطی ایشیا اور یورپی یونین کے پہلے سربراہی اجلاس سے خطاب، باہمی تعاون کے فروغ پر زور

سمرقند، ، یورپ ٹوڈے: قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے سمرقند میں منعقدہ یورپی یونین اور وسطی ایشیا کے پانچ ممالک کے درمیان پہلے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ازبک صدر شوکت مرزییویف کا پرتپاک میزبانی اور اجلاس کے اعلیٰ سطحی انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ یہ بات ایوان صدر “آکوردا” کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہی گئی ہے۔

صدر توقایف نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا، یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیر لیئن اور وسطی ایشیائی ممالک کے صدور کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا مظاہرہ کیا۔

اپنے خطاب میں قازق صدر نے بدلتی ہوئی عالمی صورتِ حال اور تیزی سے وقوع پذیر جیوپولیٹیکل تبدیلیوں کے تناظر میں بین العلاقائی تعاون کی اہمیت اور اس کی تزویراتی (اسٹریٹجک) حیثیت پر زور دیا۔

انہوں نے وسطی ایشیا اور یورپی یونین کے درمیان مستقبل کے تعاون کا خاکہ پیش کیا اور بالخصوص تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کو ترجیح قرار دیا۔ صدر توقایف نے اعلان کیا کہ قازقستان 2 ارب امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی 175 اشیاء کی یورپی یونین کو برآمدات بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے یورپی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ قازقستان کے آستانہ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (AIFC) کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے سرمایہ کاری اور مالی معاونت کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

یاد رہے کہ صدر توقایف، سمرقند میں وسطی ایشیا-یورپی یونین سربراہی اجلاس اور “ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کے تناظر میں وسطی ایشیا” کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے ازبکستان پہنچے تھے۔

اس سے قبل انہوں نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا، یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیر لیئن اور یورپی بینک برائے تعمیر و ترقی کی صدر اوڈیل رینوڈ-باسو سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

ایم پی آر کے ڈپٹی اسپیکر حدایت نور واحد کی صدر پرابووو کو 3 اپریل کو "یومِ این کے آر آئی" قرار دینے کی تجویز Previous post ایم پی آر کے ڈپٹی اسپیکر حدایت نور واحد کی صدر پرابووو کو 3 اپریل کو “یومِ این کے آر آئی” قرار دینے کی تجویز
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد کا ازبکستان کا دورہ Next post چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد کا ازبکستان کا دورہ