
جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اور ممتاز ماہرِ معیشت پروفیسر خورشید احمد 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
لندن، یورپ ٹوڈے: جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر، بزرگ سیاست دان، سابق سینیٹر اور معروف ماہرِ معیشت پروفیسر خورشید احمد 93 برس کی عمر میں برطانیہ میں انتقال کر گئے۔
پروفیسر خورشید احمد کو مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کے قریبی رفقاء میں شمار کیا جاتا تھا اور وہ اسلامی معیشت، سیاسی فہم، اور فکری قیادت کے میدان میں بین الاقوامی شہرت کے حامل تھے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان، سابق امیر سراج الحق، سیکریٹری جنرل امیر العظیم، نائب امراء، حافظ ادریس اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں جماعت کی قیادت نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
“پروفیسر خورشید احمد جماعت اسلامی کے ان بزرگ رہنماؤں میں سے تھے جو اعلیٰ اوصاف، علمی گہرائی، سیاسی بصیرت اور بین الاقوامی سطح پر اسلامی معیشت کے فروغ میں نمایاں کردار کے حامل تھے۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف اور عالمی اداروں کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔”
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پروفیسر خورشید احمد کی ملی، علمی اور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور ان کی فکری میراث نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
مرحوم کی تدفین اور نمازِ جنازہ کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔