
کرغستان کے سفیر کا اکادمی ادبیات پاکستان کا دورہ، پاک-کرغیز ادبی و ثقافتی تعاون پر اتفاق
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان میں متعین کرغستان کے سفیر محترم آواز بیک اتاخانوف نے اکادمی ادبیات پاکستان کا دورہ کیا،اور صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور کرغستان کے ادبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات اور روابط پر روشنی ڈالی گئی،اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے باہمی ادب کے تراجم کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی اور یہ قرار پایا کہ دونوں ممالک کے باہمی تراجم سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ادب و ثقافت کو بہتر طریقے سے جان سکیں گے۔
صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف اور معزز سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان ادبی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔کرغستان کے سفیر آواز بیک اتا خانوف نے اکادمی کے ایوان اعزاز اور پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی لی۔محترم سفیر آواز بیک اتا خانوف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زبانوں کا ادبی عجائب گھر بے حد اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کے تحت اکادمی نے پاکستان کی ثقافت کو محفوظ کیا ہے۔یہ شاندار میوزیم دیکھ کر ہماری بھی خواہش جاگ گئی ہے کہ ہم بھی کرغستان میں اسی طرح اپنی زبانوں کا میوزیم بنائیں۔
آخر میں صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کرغستان کے سفیر محترم آواز بیک اتا خانوف کو اکادمی کی مطبوعات کا سیٹ پیش کیا۔