96 فیصد صنعتوں

لاہور کی 96 فیصد صنعتوں میں اخراج کنٹرول سسٹم نصب، ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم اقدامات

لاہور، یورپ ٹوڈے: اربن یونٹ کے سروے کے مطابق لاہور کی 96 فیصد صنعتوں میں اخراج کنٹرول سسٹم نصب کردیا گیا ہے، جو اپریل 2024 میں صرف 43 فیصد تھا۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 21 صنعتی یونٹس کو ای پی اے نے سیل کردیا ہے۔

ای پی اے کی کاوشوں کی بدولت دسمبر 2024 تک ایئر کلیننگ سسٹم رکھنے والی صنعتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔ محکمہ تحفظ ماحول نے 27 مارچ سے 27 دسمبر تک لاہور کے 2883 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا، 45.6 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے، اور 225 یونٹس کو سربمہر کیا، جبکہ 56 یونٹس کو منہدم کردیا گیا۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور عوام اور صنعتکاروں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے انٹرنیشنل ماڈلز اپنائے جا رہے ہیں اور محکمہ تحفظ ماحول کو جدید آلات اور مزید اختیارات دیے جا رہے ہیں۔

محکمہ تحفظ ماحول نے مختلف شہروں میں 25 اے کیو آئی مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں اور 35 مزید اسٹیشنز پر کام جاری ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ صنعتوں کو ماحول دوست ٹیکنالوجی کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کو دوبارہ کھولنے کے لیے ماحولیاتی قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے مشترکہ حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور عوامی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ تمام صنعتی علاقوں میں ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

پارلیمنٹ Previous post جرمن صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کر کے نئے انتخابات کا اعلان کر دیا
11 فلسطینی شہید Next post اسرائیلی فضائی حملوں میں 11 فلسطینی شہید، متعدد زخمی