
لبنان میں اسرائیلی حملوں پر سلامتی کونسل کا اجلاس، ایران کی وارننگ
نیو یارک، یورپ ٹوڈے: لبنان میں اسرائیلی حملوں کے حوالے سے سلامتی کونسل کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر لبنان میں مکمل جنگ چھڑی تو ایران لاتعلق نہیں رہ سکتا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ خطہ بڑے پیمانے پر جنگ کے دہانے پر ہے اور اسرائیل تمام ریڈ لائنیں عبور کر چکا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ امن و امان بحال کرنے کے لیے فوری مداخلت کرے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اسرائیلی قیادت کو اپنے جرائم کی سزا ملنی چاہیے، اور اگر لبنان میں جنگ پھیلی تو ایران خاموش نہیں رہے گا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایران لبنان میں اسرائیلی مظالم اور قبضے کے خلاف دفاع کے لیے حزب اللّٰہ کی حمایت کرتا ہے۔
یہ اجلاس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا لبنان-اسرائیل جنگ کے معاملے پر ایک ہفتے میں دوسرا اجلاس ہے، جسے فرانس کی درخواست پر طلب کیا گیا۔ ترک میڈیا کے مطابق اجلاس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔