محمد مسرور پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ مقرر، آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کے دورے پر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد مسرور کو اگلی تین سیریز، دورہ آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کے لیے پاکستان ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، محمد مسرور اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں بھی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ پی سی بی نے انہیں جیسن گیلسپی کی سفارش پر ٹیم میں شامل کیا، جو پاکستان شاہینز کے دورہ آسٹریلیا کے دوران مسرور کے کوچنگ طریقہ کار سے متاثر ہوئے تھے۔
یہ محمد مسرور کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ پہلا فل ٹائم کوچنگ اسائنمنٹ ہوگا۔ وہ پہلے بھی پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں اسٹیو رکسن کے اسسٹنٹ کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
محمد مسرور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ کراچی سے آسٹریلیا روانہ ہوں گے، جہاں وہ ٹیم کی فیلڈنگ میں بہتری لانے کے لیے اپنی خدمات فراہم کریں گے۔